گوئی یانگ(شِنہوا)رنگین گوئی ژو ایئرلائنز نے ایک براہ راست فضائی راستہ شروع کیا ہے جو چین کے جنوب مغربی صوبہ گوئی ژو کے دارالحکومت گوئی یانگ کو ویتنام کے شہر ہو چی منھ سے ملاتا ہے، جس سے خطے میں بڑھتے ہوئے سفر اور تجارتی تعلقات کے دوران چین کے تیزی سے بڑھتے ہوئے آسیان مارکیٹ کے ساتھ فضائی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
گوئی ژو سول ایوی ایشن گروپ نے کہا ہے کہ یہ سروس ہفتہ کے روز شروع ہوئی۔ روٹ کے شیڈول کے مطابق روانگی کی پرواز جی وائی703 گوئی یانگ سے بیجنگ کے وقت کے مطابق رات 10 بجکر 50 منٹ پر روانہ ہوگی اور مقامی وقت کے مطابق ہو چی منھ شہر میں صبح ایک بجکر 30منٹ پر پہنچے گی۔ واپسی کی پرواز جی وائی704 مقامی وقت کے مطابق صبح 2 بجکر30منٹ پر روانہ ہوگی اور بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 7 بجکر10منٹ پر گوئی یانگ پہنچے گی۔
یہ نیا فضائی روٹ ایئرلائن کی موجودہ گوئی یانگ-ہنوئی سروس کے ساتھ ساتھ چلایا جائے گا۔ یہ پہاڑی صوبے اور ویتنام کے 2 سب سے بڑے شہروں کے درمیان براہ راست رابطے کو یقینی بنائےگا ۔
عہدیداروں نے کہا کہ توقع ہے کہ پھیلا ہوا فضائی نیٹ ورک چین کے جنوب مغربی علاقوں اور آسیان کے درمیان تجارتی، سیاحتی اور کاروباری سفر کی معاونت کرے گا۔
چین-آسیان فضائی رابطے حالیہ مہینوں میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ نومبر میں چین کے جنوبی شہر ہائیکو اور ویتنام کے شہر نھا ترانگ کو ملانے والا مسافر روٹ شروع ہوا، جبکہ گزشتہ ماہ چین کے مشرقی شہر نان جنگ اور ملائیشیا کے کوالالمپور کے درمیان تمام کارگو پر مشتمل سروس نے بھی کام شروع کیا۔
چین اور آسیان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات مستحکم رہے ہیں۔ 2022 سےدونوں فریقین کے درمیان سالانہ دو طرفہ تجارت مسلسل 900 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے اور 2024 میں ریکارڈ 982.1 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔
یہ ترقی کا رجحان 2025 میں بھی جاری رہا اور پہلے 10 ماہ میں تجارتی حجم گزشتہ سال کی نسبت 8.2 فیصد بڑھ گیا۔


