سری لنکا میں کھیلے جانیوالے ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے اور وہ مختلف کیٹیگریز میں میڈلز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کررہے ہیں، انہی کھلاڑیوں میں ایک راولپنڈی پولیس کی انسپکٹر ارم خانم بھی ہیں جنہوں نے بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں 2 گولڈ میڈل حاصل کر لئے۔
سی پی او خالد حمدانی نے کہا ہے کہ انسپکٹر ارم خانم نے پنجاب پولیس اور پاکستان کا نام روشن کیا، انہوں نے پاور لفٹنگ میں اول پوزیشن حاصل کر کے گولڈ میڈل حاصل کیا، انسپکٹر ارم خانم پنجاب پولیس کا ایک روشن ستارہ ہیں، وہ محکمہ پولیس اور قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں۔
اس حوالے سے پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ انسپکٹر ارم خانم نے ڈیڈ لفٹ کے مقابلوں میں بھی اول پوزیشن حاصل کی ہے، انہوں نے بھارتی پاور لفٹر کو شکست دیکر اول پوزیشن حاصل کی، انسپکٹر ارم خانم کا راولپنڈی پولیس لائنز واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا اور انکی حوصلہ افزائی کی گئی۔


