ہانگ ژو(شِنہوا)چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر یی وو، جسے "دنیا کی سپر مارکیٹ” کہا جاتا ہے، نے رواں سال کے پہلے 10 ماہ میں 701.19 ارب یوآن (تقریباً 99.1 ارب امریکی ڈالر) کی ریکارڈ درآمدات و برآمدات کیں اور یہ پہلی بار 700 ارب یوآن کی حد سے بڑھ گئی ہیں۔
یی وو کسٹمز کے مطابق یہ مالیت 2024 کے پورے سال کے مجموعی درآمدات وبرآمدات سے زیادہ ہو چکی ہے۔ اس سے شہر کی منڈی کو مختلف شعبوں میں پھیلانے کی حکمت عملی اب زیادہ واضح ہو گئی ہے۔
جنوری سے اکتوبر تک یی وو نے دنیا کے 230 ممالک اور خطوں کے ساتھ تجارتی تعلقات قائم کئے۔ ان میں سے 164 میں نمو کی شرح دو ہندسوں سے زائد رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 32 زیادہ تعداد ہے۔ خاص طور پر آسیان کی منڈیوں کے لئے برآمدات گزشتہ سال کے مقابلے میں 51 فیصد بڑھ گئیں۔
اس عرصے کے دوران یی وو کسٹمز نے ایک لاکھ 30 ہزار چین- آسیان سرٹیفکیٹ جاری کئے جن کی کل مالیت 2.87 ارب امریکی ڈالر تھی جو بالترتیب گزشتہ سال کے مقابلے میں 26.52 فیصد اور 26.15 فیصد اضافے کی عکاسی ہے اور اس سے کاروباری اداروں کو درآمدی ممالک میں تقریباً ایک ارب یوآن کے محصولات کی بچت ہوئی۔
کسٹمز افسر کائی سی سی نے کہا کہ مثال کے طور پر یی وو سے برآمد ہونے والے تھرمل کپ انڈونیشیا میں ایسے سرٹیفکیٹ کے ذریعے صفر محصولات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ شہر نے پہلے 10 ماہ میں 5 ہزار 96 اقسام کی مصنوعات برآمد کیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 11.2 فیصد زیادہ ہے۔ ثقافتی مصنوعات کی برآمدات 58.18 ارب یوآن ہوئیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19.5 فیصد زیادہ ہیں۔
شہر کی ثقافتی مصنوعات کی صنعتی ایسوسی ایشن کے صدر ہوانگ چھانگ چھاؤ نے کہا کہ یی وو کی ثقافتی مصنوعات بیرون ملک منڈی میں مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔ ایسی اشیاء جو جذباتی قدر فراہم کرتی ہیں غیر ملکی صارفین میں خاص طور پر پسند کی جاتی ہیں۔



