وزیر اعظم سے ازبک وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تجارت ، معیشت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان کیساتھ دوطرفہ تجارت ودیگر منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کے عزم کااظہار کرتے ہوئے ازبکستان کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی کیلئے باہمی مشاورت سے موثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے ملاقات کی جس میں تجارت، معیشت، سیکیورٹی، دفاع، سماجی روابط اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ازبک وزیر خارجہ نے وزارتِ عظمی کے منصب پر دوسری بار منتخب ہونے پر وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے ازبک صدر شوکت مرزیوئیف کی طرف سے ازبکستان کے دورے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سے ملاقات کا منتظر ہوں۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت، معیشت، سیکیورٹی، دفاع، سماجی روابط اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے اور افغانستان میں دیر پا امن اور ترقی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا ۔
وزیر اعظم نے ازبکستان کیساتھ دوطرفہ تجارت اور دیگر منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ازبکستان کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے کیلئے باہمی مشاورت سے موثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کی جلد تکمیل کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts