ہالی وو ڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے پاکستانی ثقافت پر فلم کی تیاری خوش آئند ہے،عطاء تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے ہالی وو ڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے پاکستانی ثقافت پر عالمی فلم کی تیاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عظیم ثقافتی ورثہ کا حامل ملک ہے، ہماری تاریخ، ادب، موسیقی اور فن دنیا بھر میں منفرد و قابل تعریف ہیں، فلم دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی اور تنوع دیکھنے کا نیا موقع فراہم کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ سے ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کے وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستانی ثقافت پر مبنی عالمی فلم کی تیاری سمیت ملک کے عظیم ثقافتی ورثے اور تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وفد میں جیمز ایم سی میلان، اینڈریو جیمز فیرو، لیوسا اسکن، سعدیہ اشرف، بدر اکرام، مشعل ثاقب شامل تھے۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی ثقافت کو فلم کیلئے منتخب کرنے پرہالی وو ڈ پروڈکشن ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری ثقافت اور لوگوں کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ثقافتی ورثہ کا حامل ملک ہے، ہماری تاریخ، ادب، موسیقی اور فن دنیا بھر میں منفرد اور قابل تعریف ہیں، ہمیں یقین ہے کہ یہ فلم دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی اور تنوع دیکھنے کا نیا موقع فراہم کرے گی۔
انہوں نے پروڈکشن ٹیم کو بتایا کہ پاکستان میں فلم واحد صنعت ہے جو ٹیکس فری ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پچھلے دور حکومت میں ہم نے فلم پالیسی بحال کی اور اسے انڈسٹری کا شعبہ دیاتاکہ اس شعبے میں نوجوانوں کو آنے کا موقع مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ 23 2022-ء میں ایک ارب روپے کی لاگت سے فلم فنانس فنڈ قائم کیا گیا ، فنکاروں کیلئے میڈیکل انشورنس اور انڈسٹری کیلئے ٹیکس مراعات سے فلم انڈسٹری اور اس سے وابستہ شعبوں کو فروغ ملا۔
انہوں نے بتایا کہ بجٹ 2022-23ء میں فلم سازوں کو پانچ سال کی ٹیکس چھوٹ دی گئی، نئے سینما گھروں، پروڈکشن ہاؤسز، فلم میوزیم کے قیام پر پانچ سال کا انکم ٹیکس، فلم اور ڈرامے کی برآمد پر دس سال کیلئے ٹیکس چھوٹ دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مقامی طور پر مشترکہ فلم اور ڈرامہ پراجیکٹس پر غیر ملکی فلم سازوں کو بھی رعایت دی گئی ہے،اس کیلئے پاکستان میں 70فیصد فلم کی شوٹنگ کی شرط لاگو ہے تاکہ سیاحت اور ثقافت سمیت کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔
انہوں نے کہا کہ سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان نے اپنا بیانیہ عالمی سطح پرپہنچایا ہے۔ انہوں نے پروڈکشن ٹیم کو حکومت اور اپنی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
اس موقع پر ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم نے میزبانی پر حکومت ،عوام اور فلمی صنعت کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم دورہ پاکستان سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، ہم پاکستان کی خوبصورتی، عظیم ثقافتی ورثے اور لوگوں سے بہت متاثر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلم سازی کی بڑی صلاحیت موجود ہے، ہم اس صنعت کو مزید آگے بڑھانے میں مدد کیلئے پرعزم ہیں۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts