ہفتہ, نومبر 29, 2025
ہومانٹرنیشنلوائٹ ہاؤس کے قریب حملے میں امریکی نیشنل گارڈ کی زخمی خاتون...

وائٹ ہاؤس کے قریب حملے میں امریکی نیشنل گارڈ کی زخمی خاتون اہلکار دم توڑ گئی

واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے قریب ایک روز قبل گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والے امریکی نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں میں سے ایک خاتون اہلکار ہلاک ہو گئی ہے۔

ٹرمپ نے تھینکس گیونگ کے سلسلے میں امریکی فوجیوں کے لئے اپنے ویڈیو خطاب میں بتایا کہ 20 سالہ سارہ بیک سٹرام اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوئی جبکہ اس کا ساتھی 24 سالہ اینڈریو وولف کی حالت تشویشناک ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ انہیں میڈیا کے سامنے آنے سے چند سیکنڈ قبل بیک سٹرام کی موت کی اطلاع دی گئی تھی۔ اس خاتون فوجی کا تعلق ریاست ویسٹ ورجینیا سے تھا اور اس نے جون 2023 میں ملازمت شروع کی تھی۔

واشنگٹن میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی کی نگران جوائنٹ ٹاسک فورس ڈی سی کے مطابق یہ حملہ فیراگٹ سکوائر میٹرو سٹیشن کے قریب کیا گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق 29 سالہ ملزم رحمان اللہ لکن وال افغان شہری ہے جو 2021 میں امریکہ آیا اور اس سے قبل افغانستان میں سی آئی اے کے ساتھ کام کر چکا تھا۔ ملزم کو ایک اور اہلکار نے گولی مار کر گرفتار کیا اور وہ حراست میں ہے۔

امریکی اٹارنی برائے ڈی سی کے مطابق مشتبہ حملہ آور ریاست واشنگٹن کے بلینگھم میں اپنے گھر سے ملک بھر کا سفر کر کے امریکی دارالحکومت پہنچا۔

سی این این کو ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ لکن وال سی آئی اے کے ساتھ کام کرنے سے پہلے اور امریکہ آنے سے قبل تمام معائنوں میں ٹھیک تھا۔

ٹرمپ نے بدھ کے روز اس حملے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ افغانستان سے ملک میں داخل ہونے والے ہر غیر ملکی کی دوبارہ جانچ پڑتال کریں گے اور جو شخص یہاں کا حق دار نہیں یا ہمارے ملک کے لئے مفید نہیں، اسے ملک سے نکالنے کے اقدامات کریں گے۔

اسی روز امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز (یو ایس سی آئی ایس) نے اعلان کیا کہ وہ افغان شہریوں سے متعلق تمام امیگریشن کارروائی کو غیر معینہ مدت کے لئے روک رہی ہے۔

یو ایس سی آئی ایس کے ڈائریکٹر جوزف ایڈلو نے اعلان کیا کہ انہوں نے ٹرمپ کے ہدایت پر افغانستان سمیت 19 ممالک کے گرین کارڈ ہولڈرز کی دوبارہ جامع اور سخت جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

Website |  + posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!