قاہرہ(شِنہوا) چین کی کنمنگ چھو آن جن نوکیمیکل کمپنی لمیٹڈ (سی جے این) نے مصر کی السویدے انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت قاہرہ کے مشرق میں سویز کینال اکنامک زون (ایس سی زون) میں ایک بڑا مربوط فاسفیٹ کیمیکل صنعتی کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔
مصری حکومت کے بیان کے مطابق چینی کمپنی اس منصوبے میں ایک ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ ایس سی زون کے اندر سوخانہ صنعتی زون میں 9 لاکھ 5ہزار مربع میٹر پر محیط ہوگا اوراس سے 10 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کمپلیکس تین مراحل میں تعمیر کیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ،جو 2026میں شروع ہو گا، میں فاسفورک ایسڈ اور کھاد پیدا کی جائے گی۔دوسرے مرحلے میں اعلیٰ خالص فاسفیٹ کیمیکل متعارف کرائے جائیں گے جبکہ تیسرے مرحلے کو نئی توانائی بیٹری مواد تک توسیع دی جائے گی۔
مصر کے وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی،جنہوں نے دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی، نے اس منصوبے کو بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا ایک سنگ میل قرار دیا۔ ایس سی زون کے چیئرمین ولید جمال الدین نے کہا کہ یہ منصوبہ مصر میں خصوصی صنعتوں کو مقامی سطح پر فروغ دینے میں مدد فراہم کرے گا۔
سی جے این مصر کے سی ای او ہوانگ چھیوہان نے مصر کی لاجسٹکس، فاسفیٹ ذخائر اور مسابقتی ماحول کو سرمایہ کاری کی بنیادی وجہ قرار دیا۔


