ہانگ کانگ(شِنہوا)ہانگ کانگ کے ایک رہائشی علاقے میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 55 ہوگئی ہے۔
فائر سروسز ڈیپارٹمنٹ (ایف ایس ڈی) نے جمعرات کے روز ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ آگ میں زخمی ہونے والے 72 افراد کو علاج کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں 8 فائر فائٹر بھی شامل ہیں۔ 200 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
ایف ایس ڈی نے بتایا کہ اس نے مجموعی طور پر 304 فائر انجن اور ریسکیو گاڑیاں روانہ کیں اور آگ کو دوبارہ بھڑکنے سے روکنے کے لئے ڈرونز کے ذریعے حرارت کی سطح کی نگرانی کی۔ محکمے نے متاثرہ 4 عمارتوں میں آگ بجھا دی ہے جبکہ باقی 3 میں آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
رہائشی علاقہ وانگ فوک کورٹ 8 عمارتوں پر مشتمل ہے، جن سب کو ایک بڑے مرمتی منصوبے کی وجہ سے سبز جالی اور سکیفولڈنگ سے ڈھکا گیا تھا۔ مرمت کے ذمہ دار 3 مردوں کو پہلے ہی مشتبہ قتل خطا کے الزام میں گرفتار کیا گیا، کیونکہ پولیس کی تحقیقات سے ظاہر ہوا کہ عمارتوں پر موجود آتش گیر مواد آگ کے تیزی سے پھیلنے کی ممکنہ وجہ ہو سکتا ہے۔


