لندن(شِنہوا)چین نے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) میں مستقل مشن قائم کر دیا ہے۔ مشن کے افتتاح کی مناسبت سے برطانیہ میں چین کے سفارت خانے میں ایک استقبالیہ منعقد کیا گیا۔
برطانیہ میں چین کے سفیر اور آئی ایم او میں چین کے مستقل نمائندےژینگ زے گوانگ اور نائب وزیر ٹرانسپورٹ و آئی ایم او اسمبلی کے 34 ویں اجلاس کے لئے چینی وفد کے سربراہ لی یانگ نے مشترکہ طور پر استقبالیہ کی میزبانی کی۔
آئی ایم او کے سیکرٹری جنرل آرسینیو ڈومنگویز، آئی ایم او اسمبلی میں آنے والے وفود کے سربراہان، لندن میں مقیم سفارت کاروں اور مختلف شعبوں کے نمائندوں سمیت تقریباً 300 مہمانوں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ژینگ نے کہا کہ بحری نقل وحمل چین اور پوری دنیا کے درمیان رابطے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کو مرکز بناتے ہوئے مضبوطی کے ساتھ بین الاقوامی نظام پر کاربند ہے اور حقیقی کثیر الجہتی پر کام کر رہا ہے۔ ہمارے مستقل مشن کا قیام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ چین اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی کے طور پر آئی ایم او کی مضبوط حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین آئی ایم او سیکرٹریٹ اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ تبادلوں، رابطوں اور تعاون کو گہرا کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ بحری امور کے عالمی نظم ونسق تعاون، سکیورٹی اور عالمی صنعتی و ترسیلی چینز کی مضبوطی میں مزید حصہ ڈالا جا سکے۔
اس موقع پر لی نے کہا کہ چین بین الاقوامی کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے پوری کرے گا، ایک بڑے ملک کے طور پر اپنی ذمہ داری ںبھائے گا اور مستقل مشن کا بہترین استعمال کرتے ہوئے آئی ایم او کے دیگر رکن ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین بحری نقل وحمل کا جدید نظام قائم کرے گا اور عالمی معاشی ترقی اور صنعتی و ترسیلی چینز کے استحکام کے لئے مزید کام کرے گا۔
ڈومنگویز اور دیگر مہمانوں نے چین کو مستقل مشن کے قیام پر مبارکباد دیتے ہوئے بحری شعبے میں چین کی نمایاں کامیابیوں اور بین الاقوامی بحری تعاون میں اس کے کردار کو بھی سراہا۔


