پنجاب میں گندم معاملے پر انکوائری کمیشن کو کچھ نہیں ملے گا، محسن نقوی

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب میں گندم معاملے پر انکوائری کمیشن کو کچھ نہیں ملے گا،کچھ لوگوں کی خواہش ہے میرے خلاف انکوائری کرائی جائے ،رشوت لینے اور دینے والے پر لعنت ہے، اگر 10سال بعد بھی ہمارے خلاف کچھ نکل آیا تو جواب دہ ہوں گے، اوور بلنگ پر ایف آئی اے نے مختصر وقت میں اچھا کام کیا،پاسپورٹ آفس کے باہر بیٹھا مافیا اب نظر نہیں آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے لاہور آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت کا گندم کے معاملے سے تعلق تھا نہ ہے، پنجاب حکومت بیرون ملک سے نہیں یہاں کسانوں سے گندم خریدتی ہے، گندم درآمد کا فیصلہ وفاقی حکومت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا ذاتی خیال ہے کہ وفاقی حکومت کی کوئی بدنیتی نہیں تھی، پنجاب میں گندم کے معاملے پر انکوائری کمیشن کو کچھ نہیں ملے گا، کچھ لوگوں کی خواہش ضرور ہے کہ میرے خلاف انکوائری کرائی جائے مگر کسی کی خواہش پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ میں نے اور میری پوری ٹیم نے 12،13 ماہ کام کیا، رشوت لینے اور دینے والے پر لعنت ہے، اگر 10سال بعد بھی ہمارے خلاف کچھ نکل آیا تو جواب دہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں، اس حوالے سے خیبرپختونخوا پولیس کی تعریف نہیں کروں گا تو زیادتی ہوگی، خیبرپختونخوا کے آئی جی اور پولیس دن رات کام کر رہی ہے،سندھ پولیس بھی کچے میں دلیری کے ساتھ کام کر رہی ہے، دہشتگرد ناکام ہوں گے۔
ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ ڈی جی اے این ایف نے چارج سنبھال لیا ہے، نارکوٹکس سے متعلق بہت جلد اچھا رزلٹ ملے گا، سکولز اور کالجز میں منشیات فراہمی کی روک تھام کا مقابلہ کریں گے۔اوور بلنگ بارے سوال پر انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ لیسکو میں کوئی اوور بلنگ نہیں ہوئی، دیگر ڈسکوز میں بھی اوور بلنگ میں کمی آئی، 31کروڑ یونٹ صارفین کو واپس کئے گئے، اوور بلنگ پر ایف آئی اے نے مختصر وقت میں اچھا کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کوئی جن نہیں ہوں کہ ابھی آرڈر کروں گا اور مافیا ختم ہو جائے گا، پاسپورٹ آفس کے باہر جو مافیا بیٹھا تھا وہ اب آپ کو نظر نہیں آئے گا، جو مافیا پیچھے بیٹھا ہوا ہے وہ بھی جلد ختم ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں ڈیمانڈ بڑھے گی وہاں پاسپورٹ آفس کا وقت بڑھائیں گے۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts