واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کریں تاکہ یوکرین بحران پر امن معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ مجھے امن منصوبے کو حتمی شکل دینے کی امید ہے اور میں نے اپنے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماسکو میں صدر پوتن سے ملاقات کریں جبکہ اسی دوران امریکی فوج کے سیکرٹری ڈین ڈریسکول یوکرینی حکام سے ملاقات کریں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکی حکومت کا تیار کردہ 28 نکاتی امن منصوبہ دونوں فریقین کی اضافی تجاویز کے ساتھ بہتر بنایا گیا ہے اور صرف چند نکات پر اختلافات باقی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم نے پچھلے ہفتے "شاندار پیش رفت” کی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پوتن اور یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کی جلد ہی ملاقات ہو گی، لیکن یہ صرف اس وقت ہوگا جب امن معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لے گا یا آخری مراحل میں ہوگا۔
امریکہ کی جانب سے تجویز کردہ 28 نکاتی امن منصوبہ گزشتہ ہفتے جاری کیا گیا تھا۔
اس کے اجرا کے بعد امریکہ، یوکرین اور کئی یورپی ممالک کے نمائندے اتوار کو جنیوا میں منصوبے پر بات چیت کے لئے ملاقات کر چکے ہیں۔
امریکی آرمی کے بیان میں بتایا گیا کہ پیر اور منگل کو امریکی آرمی کے سیکرٹری ڈینیئل ڈریسکول نے ابوظہبی میں روسی حکام کے ساتھ مسودے پر بات چیت کی۔


