بیجنگ(شِنہوا)چینی صدر شی جن پھنگ نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ اجلاس میں اپنا مبارکبادی پیغام بھیجا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر شی نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کے تنازع کا بنیادی نکتہ ہے جو عالمی انصاف، مساوات اور علاقائی استحکام پر اثر انداز ہوتا ہے۔
چینی صدر نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ زیادہ وسیع اتفاق رائے پیدا کرے اور زیادہ فعال اقدامات کرے تاکہ غزہ میں جامع اور پائیدار جنگ بندی کو یقینی بنایا جا سکے اور تنازع کے دوبارہ بھڑک اٹھنے کو روکا جا سکے۔
شی نے زور دیا کہ غزہ میں جنگ کے بعد نظم و نسق اور تعمیر نو "فلسطین کا انتظام فلسطینیوں کے پاس” کے اصول کے تحت ہونی چاہیے جس میں فلسطینی عوام کی خواہشات کا مکمل احترام اور خطے کے ممالک کے جائز تحفظات کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے غزہ میں انسانی صورتحال کو فوری طور پر بہتر بنانے اور فلسطینی عوام کی تکالیف کو کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سب سے بڑھ کر انہوں نے کہا کہ کوششیں دو ریاستی حل کے حصول پر مرکوز ہونی چاہئیں تاکہ فلسطینی مسئلے کا جلد از جلد سیاسی حل ممکن ہو سکے۔
شی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے چین فلسطینی عوام کے اپنے جائز قومی حقوق کی بحالی کے منصفانہ موقف کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین عالمی برادری کے ساتھ مل کر فلسطینی مسئلے کے جامع، منصفانہ اور دیرپا حل کے لئے اپنی مسلسل کوششیں جاری رکھے گا۔


