ہاربن(شِنہوا)چین کے شمال مشرقی صوبےحئی لونگ جیانگ کے دارالحکومت ہاربن میں دنیا کے سب سے بڑے آئس اینڈ سنو تھیم پارک، ہاربن آئس اینڈ سنو ورلڈ کی مکمل پیمانے پر تعمیر کا آغاز ہو گیا۔
ہاربن آئس اینڈ سنو ورلڈ کمپنی لمیٹڈ کے ڈیزائن اور ترقی کے شعبے کے ڈائریکٹر کانگ پے یو نے بتایا کہ پارک، جو اس موسم سرما میں 12 لاکھ مربع میٹر پر محیط ہو گا، کی تعمیر کا کام گزشتہ سال کے مقابلے میں تین دن قبل شروع کیا گیا ہے۔ تقریباً 10 ہزار کارکن 2 لاکھ مربع میٹر برف، جسے 10 ماہ سے زیادہ عرصے تک ذخیرہ کیا گیا تھا، کو برفانی مجسموں اور عمارتوں کی تعمیر کے لئے استعمال کریں گے کیونکہ رواں سال ابھی تک دریا مکمل منجمد نہیں ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے جلدی شروع ہونے اور محفوظ کی گئی برف کے استعمال سے پارک کو دسمبر کے آخر میں شیڈول کے مطابق کھولنے میں مدد ملے گی۔
گزشتہ سال 21 دسمبر سے 26 فروری تک 68 دن کی سرگرمی کے دوران 35 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ سیاحوں نے اس پارک کا دورہ کیا تھا۔رواں موسم سرما میں اس سے زیادہ سیاحوں کی آمد کی توقع ہے۔ اس سال پارک میں نئی پرکشش چیزیں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جن میں گرم چشموں کے کیمپس،سنو فٹ بال اور دیگر سرمائی سرگرمیاں شامل ہیں، جن کو تازہ ترین جدید سیاحتی خدمات کی معاونت حاصل ہو گی۔
ہاربن، جسے چین کے ’’برفانی شہر‘‘کے طور پر جانا جاتا ہے، نے اپنے طویل اور ٹھنڈے موسم سرما کو ایک بڑی سیاحتی کشش میں بدل دیا ہے۔ گزشتہ موسم سرما میں اس شہر نے 9 کروڑ 3لاکھ 60 ہزار سیاحوں کا خیر مقدم کیا تھا، جس سے 137.22ارب یوآن (تقریباً 19.37ارب امریکی ڈالر) کی آمدن ہوئی تھی۔ یہ شرح گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16.6 فیصد زیادہ تھی۔



