بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ میں ہونے والے 7ویں چین-روس توانائی بزنس فورم کے نام مبارکباد کا خط بھیجا ہے۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں چین اور روس کے تعاون نے ابتدا سے ہی اچھا آغاز کیا اور یہ ٹھوس بنیاد پر قائم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دو ممالک کے درمیان باہمی طور پر سود مند تعاون کے لئے ایک نمونہ ہے، جو دونوں ملکوں کی معاشی و سماجی ترقی اور عوامی فلاح وبہبود میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
صدر شی نے کہا کہ چین توانائی کے شعبے میں جامع شراکت داری کو مستحکم کرنے اور عالمی صنعتی وسپلائی چینز کے استحکام اور ہموار روانی کا مشترکہ طور پر تحفظ کرنے کے لئے روس کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین زیادہ منصفانہ، عادلانہ، متوازن اور جامع عالمی توانائی نظم ونسق نظام کے قیام کو فروغ دینے، عالمی توانائی سلامتی کے زیادہ استحکام اور ماحول دوست و کم کاربن منتقلی کے لئے روس کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے۔



