ماسکو (شِنہوا)روس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ روس یوکرین بحران کے حل کے لئے یورپی امن منصوبے سے آگاہ ہے تاہم اس کے نکات کو "غیر تعمیری” سمجھا جا رہا ہے۔
روس کے صدارتی معاون یوری اوشاکوف نے کہا کہ امن منصوبے کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں ہیں اور روس صرف ان معلومات پر اعتماد کرتا ہے جو براہ راست امریکہ سے موصول ہوں۔
اوشاکوف نے کہا کہ الاسکا میں زیر بحث منصوبے کے کئی نکات ماسکو کے لئے قابل قبول ہیں۔
روسی میڈیا کے مطابق "یورپی منصوبہ” امریکہ کے پیش کردہ 28 نکاتی امن منصوبے میں کئی بڑی تبدیلیاں تجویز کرتا ہے، جیسے یوکرینی فوج یا دفاعی صنعت کے حجم پر کوئی پابندی نہ لگانا جبکہ 28 نکاتی منصوبے میں یوکرینی افواج کے حجم کو 6 لاکھ اہلکاروں تک محدود کرنے کا کہا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ، یوکرین اور یورپی یونین کے نمائندوں کے درمیان جنیوا میں اتوار کو ہونے والی مشاورت کے بعد منصوبے کا ابتدائی مسودہ 28 نکات سے کم کر کے 19 نکات تک محدود کر دیا گیا ہے۔
اوشاکوف نے مزید کہا کہ امریکہ جلد روس سے رابطہ کرے گا تاکہ امن منصوبے کی تفصیلات پر بات کی جا سکے لیکن مخصوص انتظامات ابھی طے نہیں ہوئے۔



