ہانگ کانگ(شِنہوا)ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) کے سیکرٹری مالیات پال چھن نے کہا ہے کہ عالمی سرمایہ کار جغرافیائی سیاسی خطرات سے بچنے اور اپنی سرمایہ کاری کو متنوع بنانے کے لئے ہانگ کانگ میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
سیکرٹری مالیات کے مطابق عالمی سرمایہ کاروں نے ہانگ کانگ کو سرمایہ کاری کا ایک محفوظ مقام سمجھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال اب تک شہر کے بینکوں میں مجموعی ڈیپازٹس میں سالانہ بنیادوں پر 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں کی ہانگ کانگ میں دلچسپی کی دیگر علامات میں دنیا بھر میں ابتدائی عوامی پیشکشوں (آئی پی او) کی بلند ترین مجموعی مالیت، دولت کے انتظام کے شعبے کی تیز رفتار ترقی اور دنیا کی دیگر مارکیٹوں کے ساتھ مالیاتی تعاون میں اضافہ شامل ہے۔
سیکرٹری مالیات کے مطابق آسیان ممالک اور گلوبل ساؤتھ کے دیگر ممالک کے ساتھ مضبوط معاشی و تجارتی تعلقات کے باعث ہانگ کانگ نے سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں برآمدات میں 11.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ رفتار برقرار رکھنے کے لئے ایچ کے ایس اے آر حکومت ہانگ کانگ کی جہاز رانی کی صنعت کو بہتر بنانے پر کام کرے گی اور اسے جہاز رانی کے مرکز اور بڑی تقریبات کے اہم مقام کے طور پر مزید مضبوط کرے گی۔


