چھنگ دو(شِنہوا)چین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان کے شہر شی چھانگ کی چھیونگ ہائی جھیل میں اس سال پرندوں کی اقسام کی تعداد 310 کی ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئی ہے۔ بہتر کی گئی ماحولیاتی صورتحال کی وجہ سے مہاجر پرندوں کی بڑھتی ہوئی تعداد یہاں مستقل سکونت اختیار کر رہی ہے۔
چھیونگ ہائی وٹ لینڈ پارک تحفظ مرکز نے اس تعداد میں اضافے کو رپورٹ کیا ہے اور اس کا سبب بہتر ماحولیاتی بحالی اور انسانی مداخلت میں کمی کو قرار دیا۔ شی چھانگ کے جنگلات اور چراہ گاہوں کے بیورو کے ساتھ منسلک سینئر انجینئر یانگ جون نے کہا کہ مہاجر پرندوں کی 7 اقسام، جن میں یوریشین کوٹ، وائٹ بریسٹڈ واٹر ہن اور ایشیائی اوپن بل شامل ہیں، نے یہاں مستقل سکونت اختیار کر لی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس جھیل نے 2014 میں 120 اقسام کے پرندوں کی میزبانی کی۔ 2024 میں یہ تعداد 302 تک پہنچی اور اس وقت ان کی تعدادمجموعی طور پر 310 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں 5 اقسام پہلے درجے کی ہیں اور 47 دوسرے درجے کے قومی سطح پر محفوظ پرندے ہیں، جن میں نایاب اقسام پرپل سویمپ ہن اور چائنیز مرگانسر شامل ہیں، جو اس جھیل میں بھر پور انداز میں اپنی افزائش نسل کر رہے ہیں۔
چھیونگ ہائی جھیل سیچھوان کی خشکی کے اندر واقع دوسری بڑی جھیل ہے جو 1960 سے 1990 کے عرصے کے دوران زمین کی بحالی کے عمل کی وجہ سے بہت زیادہ زوال پذیر ہوگئی تھی، اس کا رقبہ کم ہو گیا تھا اور یہاں پرندوں کی اقسام 20 سے کچھ زیادہ رہ گئی تھیں۔تحفظ کی حالیہ کوششوں، جن میں جھیل کے کنارے علاقوں کی بحالی، 50 ہزار رہائشی افراد کی یہاں سے منتقلی اور 20 ہزار مو (تقریباً 1333 ہیکٹرز) وٹ لینڈ کا قیام شامل ہے، نے اس کی 30 کلومیٹر قدرتی ساحلی پٹی کو دوبارہ بحال کیا ہے۔


