جوہانسبرگ(شِنہوا)چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے گروپ آف 20 (جی 20) معیشتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یکجہتی کے عزم پر قائم رہیں، آزادانہ تجارت کو مضبوطی سے برقرار رکھیں اور سست رفتار عالمی اقتصادی بحالی کے باوجود ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر کریں۔
لی نے یہ بات جوہانسبرگ میں جی 20 کے 20 ویں سربراہ اجلاس کے پہلے سیشن سے خطاب کے دوران کہی، جس کا ’’موضوع جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی‘‘ تھا اور اس کی صدارت جنوبی افریقہ کے صدر سریل راما فوسا نے کی۔
لی نے کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ نے 17 ویں جی 20 اجلاس میں اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ یکجہتی میں طاقت ہے لیکن تقسیم کہیں نہیں لے جاتی۔
لی نے مزید کہا کہ سالہا سال سے مختلف خطوں کے مختلف نظاموں اور ثقافتوں کے حامل جی 20 کے رکن ممالک نے یکجہتی کے جذبے کی بدولت ایک کے بعد ایک چیلنج پر قابو پایا اور عالمی ترقی اور پیشرفت کو فروغ دیا۔
لی نے کہا کہ آج عالمی معیشت ایک بار پھر بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، جن کی وجوہات میں یکطرفہ پالیسیوں اور تحفظ پسندی میں اضافے کے ساتھ تجارتی پابندیوں اور محاذ آرائی میں شدت شامل ہیں۔
لی نے کہا کہ فریقین کے درمیان متضاد مفادات اور عالمی تعاون کے میکانزم میں کمزوریاں اب بین الاقوامی یکجہتی میں رکاوٹ ڈالنے والے نمایاں عوامل بن چکی ہیں۔
لی نے جی 20 سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مسائل کا براہ راست سامنا کرے، حل تلاش کرے اور تمام فریقین کو یکجہتی اور تعاون کے راستے پر واپس لانے میں مدد کرے۔
چینی وزیراعظم نے کہا کہ اختلافات اور تضادات کا سامنا کرتے وقت مساوات کی بنیاد پر مشاورت کے ذریعے تنازعات اور کشیدگیوں کو مناسب طریقے سے حل کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مشترکہ بنیاد تلاش کرنا ضروری ہے، سب سے وسیع مشترکہ مفادات کو فعال طور پر آگے بڑھانا چاہیے اور ایک دوسرے کے معقول خدشات کو مناسب طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔



