پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں وہ کارنامہ انجام دے دیا جو اس سے پہلے کوئی پاکستانی انجام نہ دے سکا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب راولپنڈی میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو7 وکٹ سے شکست دی۔
پاکستان نے 129 رنز کا ہدف 15.3 اوورز میں حاصل کرکے سیریز میں مسلسل دوسری فتح سمیٹی۔
اس فتح میں صاحبزادہ فرحان کا بڑا کردار رہا جنہوں نے صرف 45 گیندوں پر 80 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
انہوں نے اس اننگز کے دوران 6 چوکے اور 5 چھکے بھی لگائے جس کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی کیلنڈر ایئر میں 100 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے۔
صاحبزادہ فرحان پاکستان کی جانب سے 32 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 45 چھکے جبکہ مجموعی طور پر 141 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 194 چھکے لگاچکے ہیں۔


