اسلام آباد(شِنہوا)پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 74 سال مکمل ہونے کے موقع پر پاکستان کی سماجی و اقتصادی اور دفاعی ترقی میں چین کے اہم کردار کو سراہا ہے۔
صدر سیکرٹریٹ کے شعبہ اطلاعات کے جاری کردہ بیان کے مطابق آصف علی زرداری نے دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے پاک۔ چین تعلقات کو تاریخی اور آزمودہ قرار دیا اور اس عزم کو دہرایا کہ یہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی مضبوط بنیاد ہیں۔
صدر زرداری نے چین کی قیادت اور عوام کو سالگرہ پر نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 74 برسوں کے دوران دوطرفہ تعلقات ہر قسم کے حالات میں تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری میں تبدیل ہوئے اور دونوں ممالک آہنی بھائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک چین اصول کا پرزور حامی ہے اور اپنے بنیادی قومی مفادات پر چین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔
صدر زرداری نے ضرورت کے وقت چین کی جانب سے پاکستان سے مسلسل تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کو دوطرفہ تعاون کا فلیگ شپ منصوبہ قراردیا جس سے پاکستانی معیشت اور رابطوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
صدر زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاک۔ چین تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور خیر سگالی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے معیشت، ٹیکنالوجی، دفاع، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے سے متعلق پاکستان کے عزم کو دہرایا۔
