نان جنگ(شِنہوا)چین بھر کے ضلعی سطح کے انتظامی ڈویژنوں میں موجود متحرک طرز عمل کی بنیاد پر ایک تھنک ٹینک رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں ان کی اقتصادی ترقی اور نئے دور میں کاؤنٹی معیشت کے نظریے کی وضاحت کی گئی ہے۔
’’نئے دور میں کاؤنٹی معیشت‘‘ کے عنوان سے یہ رپورٹ شِنہوا انسٹی ٹیوٹ جو شِنہوا نیوز ایجنسی سے منسلک ایک قومی سطح کا تھنک ٹینک ہے، نے چین کے مشرقی صوبے جیانگ سو کے دارالحکومت نان جنگ میں منعقدہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تھنک ٹینک تعاون میں جاری کی۔
اس دستاویز میں 5 ابواب شامل ہیں جو کاؤنٹی معیشت کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھانے کی تزویراتی اہمیت، نئےدور میں کاؤنٹی معیشتوں کے مفہوم اور اس کے متحرک طریقوں، مخصوص خصوصیات اور گہری بصیرت کی وضاحت کرتے ہیں۔
آج چین میں کاؤنٹیاں شہری اور دیہی دونوں علاقوں پر مشتمل ہیں اور ایک ایسے کلیدی مرکز کے طور پر کام کرتی ہیں جو اعلیٰ اور نچلی انتظامی سطحوں کو جوڑتا ہے، مختلف شعبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرتا ہے اور شہروں و دیہات کو مربوط کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وہ چین میں معاشی ترقی اور سماجی نظم و نسق کی بنیادی اکائی کی حیثیت رکھتی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئے دور میں کاؤنٹی معیشت چین میں کاؤنٹی سطح کی اقتصادی ترقی کے عملی تجربے کے خلاصے کی بنیاد پر ایک منفرد اور نسبتاً مکمل علمی نظام کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ اس میں شہری و دیہی انضمام اور شہروں کی قیادت میں دیہی ترقی، منفرد صنعتی کلسٹرز کی تشکیل اور کاؤنٹی سطح پر فیصلہ سازی کے اختیارات میں توسیع پر زور دیا گیا ہے تاکہ نچلی سطح پر اصلاحات کی توانائی کو بہتر طور پر ابھارا جا سکے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئے دور کی معیشت ایک نیا راستہ تیار کر رہا ہے جو شہری-دیہی انضمام کے حل کی کنجی کا کام کرتا ہے، ایک چینی ماڈل پیش کرتا ہے جو کارکردگی اور مساوات کو متوازن کرتا ہے جبکہ روایت کو اختراع کے ساتھ ہم آہنگ کرتا ہے جس سے گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے لئے زیادہ متوازن اور پائیدار ترقیاتی فریم ورک میں مدد ملتی ہے۔



