تاشقند(شِنہوا)ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف نے چین کے وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی سے ملاقات کی ہے۔
مرزا یوف نے وانگ سے کہا کہ وہ چینی صدر شی جن پھنگ تک ان کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے سی پی سی کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے مکمل اجلاس کے کامیاب انعقاد پر گرمجوش مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ چین کے 15 ویں 5 سالہ منصوبے میں جو بھی اہداف مقرر کئے ہیں، اس مدت کے دوران کامیابی سے حاصل کئے جائیں گے۔ انہوں نے ازبکستان کی معاشی و سماجی ترقی اور عوامی فلاح وبہبود کے لئے چین کی طویل المدتی قیمتی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
ازبک صدر نے کہا کہ ازبکستان اور چین نے مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے پیش رفت کی ہے اور دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کی ترقی بیرونی عوامل سے متاثر نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ازبکستان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے، باہمی تزویراتی اعتماد کو بڑھانے، چین۔کرغزستان۔ازبکستان ریلوے کی تعمیر کو آگے بڑھانے اور سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، رابطہ کاری، زراعت، ماحول دوست توانائی، غربت میں کمی، عوامی تبادلوں اور صوبائی و علاقائی سطح پر تعاون کے لئے چین کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ازبکستان مضبوطی سے ایک چین کے اصول پر کاربند ہے، ہم چین کے ساتھ طویل المدتی دوستی کو فروغ دینے، دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کا پر عزم طور پر مقابلہ کرنے، ایک دوسرے کے قابل بھروسہ دوست اور شراکت دار بنے رہنے اور باہمی احترام، ہم آہنگی و حمایت کو برقرار رکھنے کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر وانگ نے صدر شی کی نیک خواہشات کا پیغام ازبک صدر کو پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان کی قیادت میں چین۔ازبکستان تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں اور دوطرفہ تعاون کے سود مند نتائج حاصل ہوئے ہیں۔



