بیلم(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا کے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ماحولیاتی بحران کی شدت سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر ایک منصفانہ اور متوازن معاہدہ کریں۔
انہوں نے یہ مطالبہ برازیل کے ایمازون شہر بیلم میں ہونے والی اقوام متحدہ کی 30 ویں ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 30) کے دوران ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ یہ کانفرنس 10 سے 21 نومبر تک منعقد ہوئی، جہاں ماحولیاتی مذاکرات حتمی مرحلے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطرات سے دوچار طبقات موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے اقدامات کا مزید انتظار نہیں کرسکتے، اس لئے وفود کسی اتفاق رائے پر پہنچیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2015 کے پیرس معاہدے کے بعد ایک دہائی میں کی جانے والی پیشرفت ناکافی ہے، ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا اور کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ زیادہ ترممالک جو کاربن کے اخراج کی بلند سطح پر پہنچے ہیں، وہ اس دہائی میں اس میں نصف کمی لائیں، 2050 تک نیٹ-زیرو سطح حاصل کریں اور اس کے بعد نیٹ-منفی کی طرف جائیں۔ انہوں نے فوسل ایندھن سے منصفانہ، منظم اور مساوی منتقلی کا مطالبہ کیا جس پر دبئی میں ہونے والی کوپ 28 میں اتفاق کیا گیا تھا۔
انہوں نے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کی فوری ضرورت اور اہداف حاصل کرنے کے لئے مالیاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگلات کی کٹائی کو 2030 تک روکنا اور اس عمل کو الٹ دینا ناگزیر ہے، تاکہ فطرت ڈھال بنی رہے، شکار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو چاہیے کہ وہ 2035 تک ہر سال کم از کم 300 ارب امریکی ڈالر فراہم کرنے میں قیادت کریں اور اس وقت تک سالانہ 13 کھرب ڈالر تک پہنچنے کا واضح راستہ بھی طے کریں۔


