بشکیک(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور ان کے کرغز ہم منصب جین بیک کولوبائیف بشکیک میں اپنے پہلے تزویراتی مکالمے میں شریک ہوئے۔
وانگ یی نے کہا کہ تزویراتی مذاکرات کے طریقہ کار کا قیام دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر عملدرآمد کی ایک ٹھوس پیش رفت ہے جو باہمی تزویراتی اعتماد کو مزید مضبوط کرنے، تزویراتی ہم آہنگی بڑھانے اور تزویراتی تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ہوگا۔
وانگ نے کہا کہ اچھے ہمسایہ تعلقات، دوستی اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی چین کرغزستان مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی مشترکہ تعمیر دونوں ممالک کے بنیادی مفادات سے مطابقت رکھتی ہے اور ان کے عوام کی خواہشات کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
وانگ نے مزید کہا کہ چین بین الاقوامی امور میں کرغزستان کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی مزید گہری کرنے کے لئے تیار ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالنے میں کرغزستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
کولوبائیف نے کہا کہ کرغزستان ایک چین کے اصول پر کاربند ہے۔ کرغزستان چین کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو آگے بڑھانے،تجارت و سرمایہ کاری، زراعت اور کان کنی، رابطے اور دیگر شعبوں میں تعاون گہرا کرنے، چین،کرغزستان،ازبکستان ریلوے کی تعمیر تیز کرنے اور عوامی و ثقافتی تبادلوں کو مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے۔
مذاکرات کے بعد فریقین نے وزرائے خارجہ کے پہلے تزویراتی مکالمے کے نتائج پر مشترکہ اعلامیہ اور 2026-2027 کے لئے دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان تعاون کے ایک پروگرام پر دستخط کئے۔


