بیجنگ(شِنہوا)چین کے شمالی اندرونی منگولیا خود مختار علاقے میں گزشتہ 5 سال کے دوران 6 کروڑ 68 لاکھ 80 ہزار مو (تقریباً 44 لاکھ 60 ہزار ہیکٹرز) صحرائی علاقے پر قابو پایا گیا، جو بیجنگ کے 2.7 گنا رقبے کے مساوی ہے۔
جنگلات و چراہ گاہوں کے علاقائی بیورو نے بتایا ہے کہ یہ کامیابی 2021 سے 2025 کے دوران چین کی طرف سے صحرا پر قابو پانے کی مجموعی کوششوں کا 40 فیصد ہے، جو چین کے شمال میں ماحولیاتی حفاظتی دیوار کو مزید مضبوط کرتی ہے۔
اندرونی منگولیا 4 بڑے صحراؤں اور 4 وسیع ریگستانی علاقوں پر مشتمل ہے ،یہ وہ علاقہ ہے جو چین میں صحرا زدگی سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔
حکام نے اس خطے میں ماحولیاتی انتظام کی ایک مربوط حکمت عملی اپنائی ہے۔صحرا پر قابو پانے کے اقدامات میں ایک خصوصی فنڈ، ترغیبی مراعات کے ذریعے عوام کی شرکت کو فروغ دینا، نئے آلات اور تکنیکس کو اختیار کرنا اور شمسی توانائی کے پینلز کے ذریعے ریت پر قابو پانےکے نئے طریقہ کار کا اطلاق شامل ہے۔
ان کوششوں کی بدولت علاقے میں جنگلات کی شرح 21.98فیصد تک پہنچ گئی ہے جو 2021 کے مقابلے میں 1.19 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔ اس طرح خطے میں چراہ گاہوں کی شرح 45 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے۔


