بنگلہ دیش کی نیشنل سٹیزن پارٹی نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو گزشتہ روز عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کا خیر مقدم کرتے ہوئے عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شیخ حسینہ واجد کو سزا پر عملدرآمد کیلئے ایک ماہ کے اندر واپس لایا جائے۔
طلبہ تحریک کے نتیجہ میں اسی سال فروری میں قائم ہونیوالی جماعت نیشنل سٹیزن پارٹی کے کنوینر ناہید اسلام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جولائی انقلاب کے ہزاروں ہلاک ہونیوالوں اور ہزاروں زخمی جنگجوں کیساتھ ہونیوالی ناانصافی کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے، ہماری جماعت شیخ حسینہ واجد کی سزائے موت کا خیر مقدم کرتی ہے، یہ فیصلہ ملک کی عدالتی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگا لیکن جس دن یہ فیصلہ نافذ ہو جائیگا ہم مکمل طور پر تب مطمئن ہونگے، جولائی انقلاب میں مرنیوالوں کی روحوں، انکے خاندانوں اور زخمی جنگجوئوں کو سکون ملے گا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شیخ حسینہ کو اگلے مہینے کے اندر بنگلہ دیش واپس لایا جائے تاکہ اس فیصلے پر عمل درآمد ہو۔


