شی آن(شِنہوا)چین-یورپ مال بردار ٹرینوں نے اب تک تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار سفر کئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے دارالحکومت شی آن میں منگل کو منعقد ہونے والے دوسرے چین-یورپ ریلوے ایکسپریس کوآپریشن فورم میں جاری کئے گئے۔
فورم کی افتتاحی تقریب میں چائنہ سٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین گو ژوشوئے نے بتایا کہ اب تک ان ٹرینوں کے ذریعے تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ معیاری بیس فٹ کنٹینرز (ٹی ای یوز) مال پہنچایا جا چکا ہے اور یہ ٹرینیں یورپ کے 26 ممالک کے 232 شہروں اور ایشیا کے 11 ممالک کے 100 سے زائد شہروں کو خدمات فراہم کر رہی ہیں۔
بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ایک اہم منصوبے اور تاریخی برانڈ کے طور پر چین-یورپ مال بردار ٹرینوں نے یوریشیا میں ایک جامع لاجسٹکس نیٹ ورک تشکیل دیا ہے۔
فورم میں جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق 2024 کے اختتام تک چین-یورپ مال بردار ٹرینوں کے ذریعے منتقل کئے گئے سامان کی مالیت 426.4 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔ 2013 سے 2024 تک اس مالیت میں تقریباً 33 گنا اضافہ ہوا جبکہ چین-یورپ تجارت میں ان ٹرینوں کا حصہ 0.4 فیصد سے بڑھ کر 8.5 فیصد ہو گیا۔
’’مشترکہ مستقبل کے لئے ایشیا اور یورپ کو جوڑنا‘‘ کے موضوع کے تحت اس ایک روزہ فورم کی میزبانی نیشنل ڈیویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن، وزارت ٹرانسپورٹ، جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز، چائنہ سٹیٹ ریلوے گروپ اور شانشی صوبائی عوامی حکومت نے کی۔
ملک اور بیرون ملک سے ماہرین، کاروباری افراد، سرکاری عہدیدار اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب میں 3 متوازی فورمز شامل تھے جن میں موثر اور محفوظ نقل و حمل، متنوع راہداریوں کی ترقی اور اختراعی اور مربوط ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی۔


