بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ اور عمان کے مسقط کے درمیان براہ راست ہوائی مسافر روٹ 30 نومبر کو شروع کیا جائے گا۔
بیجنگ داشنگ بین الاقوامی ہوائی اڈے (بی ڈی آئی اے) کے مطابق چائنہ ایسٹرن ایئر لائنز ہفتے میں دو بار یعنی بدھ اور اتوار کے دن وسیع الجسامت طیارہ اے 330 ایئربس استعمال کرتے ہوئے ایم یو 2051 اور ایم یو 2052 پروازیں چلائے گی۔
جانے والی پرواز بیجنگ کے وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے بی ڈی آئی اے سے روانہ ہو گی اور مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 55 منٹ پر مسقط بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے گی۔ واپسی کی پرواز مسقط سے مقامی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 55 منٹ پر روانہ ہو گی اور بیجنگ کے وقت کے مطابق اگلے دن صبح 10 بجے بی ڈی آئی اے پہنچے گی۔
چین اور عمان کے درمیان گہری روایتی دوستی ہے اور حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون اور ثقافتی تبادلے مزید گہرے ہوئے ہیں۔
رواں سال مئی میں چین نے سعودی عرب، عمان، کویت اور بحرین کے عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لئے ویزہ فری پالیسی کا تجرباتی نفاذ شروع کیا تھا۔ 9 جون 2025 سے 8 جون 2026 تک وہ کاروبار، سیاحت، خاندانی ملاقاتوں، تبادلے یا ٹرانزٹ کے مقاصد کی خاطر 30 دن تک کے قیام کے لئے ویزا کے بغیر چین میں داخل ہو سکتے ہیں۔
ہوائی اڈے کے مطابق اس براہ راست پرواز کے روٹ کا آغاز دونوں ممالک کے درمیان تبادلوں کو مزید فروغ دے گا اور عملی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کی مزید ترقی کے لئے ایک مضبوط تحریک فراہم کرے گا۔



