فوژو(شِنہوا)17ویں آبنائے پار چائے نمائش چین کے مشرقی صوبےفوجیان کے شہر وویی شان میں شروع ہوگئی۔ چائے کی ثقافت، صنعت اور سائنس و ٹیکنالوجی کی مربوط ترقی کے موضوع پر مشتمل اس سال کی نمائش میں 850 سے زائد اداروں نے حصہ لیا جن میں تائیوان کے 173 ادارے شامل ہیں۔
یہ نمائش 48 ہزار مربع میٹر پر پھیلی ہوئی ہے اور اس میں 2 ہزار 300 سٹالز شامل ہیں۔ نمائش میں 4 مرکزی موضوعات پر مبنی نمائشی ہالز شامل ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ تائیوان کے حصے میں 200 سٹالز لگائے گئے ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 14.3 فیصد زیادہ ہیں جو آبنائے پار چائے کی صنعت میں مضبوط تبادلے کو اجاگر کرتا ہے۔
نیو تائپے شہر سے تعلق رکھنے والے چائے کے ایک کسان لی ہوانگ-یی نے پہلی بار اس نمائش میں شرکت کی۔
لی نے کہا کہ میں اپنی تیار کردہ 3 اقسام کی اولونگ چائے لایا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ اس نمائش کے ذریعے مزید چائے کے شوقین افراد سے رابطہ قائم کر سکوں گا اور اپنی مارکیٹ کو مزید وسعت دوں گا۔
یہ نمائش آبنائے پار تبادلوں بالخصوص نوجوانوں کے درمیان تبادلوں پر مسلسل زور دیتی ہے جس کے لئے 10 سے زیادہ متعلقہ سرگرمیاں طے کی گئی ہیں۔ دونوں اطراف کی صنعتی تنظیموں کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہونے والی یہ نمائش جمعرات تک جاری رہے گی۔



