قاہرہ(شِنہوا)مصری ہلال احمر (ای آر سی) نے کہا ہے کہ اس نے بارش سے متاثرہ غزہ کی پٹی کے لئے بڑی مقدار میں سردیوں کی امدادی اشیاء روانہ کی ہیں جن میں ایک لاکھ 6 ہزار سے زائد کمبل، تقریباً 40 ہزار سردیوں کے لباس، ایک ہزار 350 سے زائد گدے اور تقریباً 4 ہزار 450 خیمے شامل ہیں۔
ای آر سی نے ایک بیان میں کہا کہ سردیوں کی یہ اشیاء غزہ میں بارش کی حالیہ لہر سے پیدا ہونے والی مشکلات کے فوری ردعمل کے طور پر بھیجی گئی ہیں۔
بیان کے مطابق یہ امدادی سامان انسانی ہمدردی کے ایک نئے قافلے کا حصہ تھا جس میں فوری ضرورت کی تقریباً 9 ہزار 300 ٹن اشیاء شامل ہیں جن میں 5 ہزار 500 ٹن سے زائد خوراک اور آٹا کے تھیلے، تقریباً 2 ہزار 400 ٹن طبی اور امدادی سامان اور تقریباً ایک ہزار 400 ٹن پٹرولیم مصنوعات شامل ہیں جو اس علاقے میں فوری ضرورت کی حامل ہیں۔
جب سے ای آر سی نے جولائی کے آخر میں غزہ کے لئے انسانی ہمدردی کی امدادی مہم کا آغاز کیا، یہ مصر سے بھیجا گیا 73واں قافلہ ہے۔
تنظیم نے مزید کہا کہ گزشتہ 2 سالہ تنازع کے آغاز سے اب تک اس نے تقریباً 35 ہزار رضاکاروں کی کوششوں سے تقریباً 5 لاکھ ٹن امدادی سامان غزہ پہنچایا ہے۔



