مالے(شِنہوا)چین-جنوبی ایشیا دوستی تنظیموں کا 9 واں فورم مالدیپ میں منعقد ہوا، جس کا انعقاد دیگر ممالک کے ساتھ دوستی کے لئے چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن (سی پی اے ایف ایف سی) اور آرگنائزیشن فار ساؤتھ ایشین ریجنل فرینڈشپ اینڈ کوآپریشن وِد چائنہ (او ایس اے آر ایف سی سی) نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
مالدیپ کے صدر کے خصوصی ایلچی اور مالدیپ کے سابق صدر محمد وحید حسن نے تقریب میں شرکت کرکے خطاب کیا۔ سی پی اے ایف ایف سی کے صدر یانگ وان منگ نے چینی وفد کی قیادت کی۔
بیجنگ، شنشی، لیاؤننگ اور جنان سمیت چین کے 8 مختلف صوبائی و شہری علاقوں کے حکومتی نمائندگان سمیت اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے وفود نے مالدیپ، بنگلہ دیش، بھارت، نیپال، پاکستان اور سری لنکا کے شرکاء کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ گفت و شنید میں معیشت، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان نوجوانوں کے تبادلوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
’’باہم سیکھنے، امن اور مشترکہ مستقبل کے لئے خوشحالی‘‘ کے عنوان کے تحت منعقدہ اس فورم میں افتتاحی تقریب، اختتامی تقریب، ثقافتی تبادلوں اور تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق دو ذیلی فورمز شامل تھے۔ تقریب کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں شرکاء نے 4 بڑے عالمی اقدامات پر عملدرآمد کے لئے مل کر کام کرنے، گلوبل ساؤتھ کے اندر یکجہتی اور تعاون کو مضبوط بنانے اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
فورم کا اگلا ایڈیشن2027 میں چین میں منعقد کیا جائے گا۔



