وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے طاقت کے حصول کیلئے ایک عورت کو استعمال کیا وہ اپنے دور حکومت میں بشری بی بی اور ان کیساتھ جڑی طاقتوں کے ہاتھوں میں کھیلتے رہے اور پاکستان کے ساتھ ایک سنگین مذاق کیا۔
انہوں نے بشری بی بی کو قومی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا اگر وہ دشمن ملک کے ہاتھ لگ جاتیں تو سنگین نتائج سامنے آ سکتے تھے۔
نجی ٹی وی کیساتھ ایک انٹرویو میں انکا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں ایک منصوبہ بندی کے تحت بڑے پیمانے پر مالی بدعنوانی ہوئی جس میں سے کچھ رقم پی ٹی آئی کے بانی کو دی گئی جبکہ باقی رقم بیرون ملک منتقل کی گئی۔
پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی نے پنجاب جیسے صوبے کو سنگین نقصان پہنچایا۔
خواجہ آصف نے کہاکہ دی اکنامسٹ کی رپورٹ میں کی جانیوالی تمام باتیں درست ہیں ، بشری بی بی خفیہ ادارے کے سابق سربراہ کیلئے کام کرتی رہی ہیں اور انہوں نے جو معلومات فراہم کی وہ چند دنوں میں درست ثابت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سابق وزیر اعظم نواز شریف کیخلاف منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے ، جنرل فیض عدلیہ اور عمران خان پر کنٹرول رکھتے تھے۔


