بیجنگ(شِنہوا)چین میں 2025 کے پہلے 10 ماہ کے دوران اشیائے صرف کی پرچون فروخت میں گزشتہ سال کی نسبت 4.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
قومی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے کے دوران ملک میں اشیائے صرف کی مجموعی پرچون فروخت 169. 412 کھرب یوآن (تقریباً 58.2 کھرب امریکی ڈالر) رہی۔
اکتوبر میں پرچون فروخت میں گزشتہ سال کی نسبت 2.9 فیصد اضافہ ہوا۔
این بی ایس کے ترجمان فو لنگ ہوئی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ خدمات کی کھپت کو فروغ دینے کے اقدامات موثر ہونے اور تعطیلاتی معیشت کی زبردست تحریک کے باعث اشیاء اور خدمات دونوں کی خوردہ فروخت میں مسلسل اضافہ ہوا۔
پہلے 10 ماہ کے دوران خدمات کے شعبے کی خوردہ فروخت میں گزشتہ سال کی نسبت 5.3 فیصد اضافہ ہوا جو اشیاء کی پرچون فروخت کی شرح نمو سے زیادہ ہے۔
جنوری سے اکتوبر تک شہری علاقوں میں اشیائے صرف کی پرچون فروخت میں گزشتہ سال کی نسبت 4.2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دیہی علاقوں میں خوردہ فروخت میں گزشتہ سال کی نسبت 4.6 فیصد اضافہ ہوا۔
این بی ایس کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ آن لائن پرچون فروخت کی کارکردگی نمایاں رہی جس میں پہلے 10 ماہ کے دوران گزشتہ سال کی نسبت 9.6 فیصد اضافہ ہوا۔
فو نے کہا کہ چونکہ چین اپنی کھپت کے ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے کے ایک اہم مرحلے میں ہے۔ ثقافتی سیاحت اور صحت کی دیکھ بھال جیسے شعبوں میں نمو کی وسیع صلاحیت موجود ہے جبکہ بزرگ صارفین اور نوجوان صارفین کی معیشتوں کا تیزی سے بڑھنا کھپت کی توسیع میں نئی تحریک ڈال رہا ہے۔



