بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ کا سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (بیجنگ سی بی ڈی) 2025 گلوبل بزنس ڈسٹرکٹس اٹریکٹیونس رپورٹ میں عالمی سطح پر چھٹے نمبر پر رہا جو 2020 کے مقابلے میں ایک درجہ بہتری ہے۔
یہ رپورٹ عالمی پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ای وائی نے گلوبل بزنس ڈسٹرکٹس انوویشن کلب کی معاونت سے جاری کی۔ 2017 میں پہلی بار شائع ہونے اور 2020 میں اپ ڈیٹ ہونے کے بعد اس سال کا ایڈیشن اس رپورٹ کا تیسرا اجرا ہے۔
اس میں 19 ممالک کے 30 سرکردہ کاروباری اضلاع کا جائزہ 8 زمروں پر مبنی بینچ مارکنگ سسٹم کے ذریعے لیا گیا ہے جن میں ٹیلنٹ، مارکیٹ کی قربت، اثر و رسوخ، میکرو حالات، رئیل اسٹیٹ، شہری سہولیات، اختراع اور پائیداری شامل ہیں۔ درجہ بندی میں ہر زمرے کی علیحدہ رینکنگ کے ساتھ مجموعی نتائج بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں نیویارک کے مڈ ٹاؤن اور فنانشل ڈسٹرکٹ، ٹوکیو کے مارونوچی، پیرس کے لا ڈیفنس اور لندن سٹی کو سرفہرست 5 بزنس ڈسٹرکٹس کے طور پر درج کیا گیا ہے جن کے فوراً بعد بیجنگ سی بی ڈی چھٹے نمبر پر ہے۔ فہرست میں شامل دیگر چینی بزنس ڈسٹرکٹس میں ہانگ کانگ کا سنٹرل ڈسٹرکٹ 13 ویں نمبر پر، شنگھائی کا پوڈونگ-لوجیا ژوئی 14ویں نمبر پر اور گوانگ ژو کا تیان حہ سی بی ڈی 22 ویں نمبر پر شامل ہیں۔
چاؤ یانگ ڈسٹرکٹ میں واقع بیجنگ سی بی ڈی نے شہری سہولیات اور ٹیلنٹ میں خاص طور پر اعلیٰ سکور حاصل کیا جبکہ رپورٹ میں یہ نوٹ کیا گیا کہ اس نے کامیابی سے "کام-زندگی-تفریح” پر مبنی ایک ماحولیاتی نظام تشکیل دیا ہے جس میں ثقافتی، ریٹیل، کھانے پینے اور عوامی سہولیات کی بلند کثافت شامل ہے۔
بیجنگ سی بی ڈی ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے مطابق بیجنگ سی بی ڈی کی عالمی درجہ بندی میں مسلسل بہتری، عالمی سطح پر چینی شہروں کی بڑھتی ہوئی جامع مسابقت کی عکاسی کرتی ہے۔



