واشنگٹن(شِنہوا)ٹرمپ انتظامیہ نےبڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے بعض زرعی مصنوعات پر عائد اضافی محصولات ختم کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ فیکٹ شیٹ کے مطابق کافی اور چائے، استوائی پھل اور پھلوں کے جوسز، کوکو اور مصالحے، کیلے،سنترے، ٹماٹر، گائے کا گوشت اور کچھ کھادوں کو اضافی محصولات سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
اس حکم نامے کا اطلاق جمعرات سے کیا گیا ہے، جو محصولات پہلے وصول کر لئے گئے تھے وہ واپس کئے جائیں گے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اب یہ فیصلہ کیا ہے کہ محصولات کے دائرہ کار میں مزید ترمیم کرنا ضروری اور موزوں ہے کیونکہ باہمی تجارتی مذاکرات میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے، بعض مصنوعات کی موجودہ ملکی طلب بڑھ گئی ہے اور ان مصنوعات کی مقامی سطح پر پیداوار کی صلاحیت بھی موجود ہے۔
گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ محصولات سے استثنیٰ سے قیمتوں میں کمی آنی چاہیے اور یہ زیادہ تر ان اشیائے خوردنی پر لاگو ہوتے ہیں جو اس ملک میں مسابقت نہیں رکھتیں، جیسے کہ کیلے۔
امریکی نمائندے ڈان بیئر نے ایک بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ بالآخر وہ بات تسلیم کر رہے ہیں جو ہم ہمیشہ سے جانتے تھے۔ ان کے عائد کردہ محصولات امریکی عوام کے لئے قیمتوں میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔



