وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کینیڈین سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کان کنی اور معدنیات شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، بیرک گولڈ پاکستان کے کان کنی شعبے میں ترقی کی راہ ہموار کرنے کیساتھ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی کامیابی کی سند ثابت ہوگا۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے ملاقات کی ،اس موقع پر معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کینیڈین ہائی کمشنر کو تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی تعیناتی کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کینیڈین قیادت کیلئے خیر سگالی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ تعلقات کی مزید مضبوطی کا خواہاں ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بیرک گولڈ پاکستان کے کان کنی شعبے میں ترقی کی راہ ہموار کرنے کیساتھ پاکستان اور کینیڈا اقتصادی تعاون کی کامیابی کی سند ثابت ہوگا۔
کینیڈین ہائی کمشنر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات بالخصوص زراعت، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی تبادلوں کو مزید فروغ دینے کیلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کے کینیڈا کی تعمیر و ترقی میں گرانقدر کردار کو سراہا جو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی کیلئے پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔


