حج فلائٹ شیڈول جاری کردیا گیا

اسلام آباد : رواں سال حج کیلئے عازمین کی روانگی کا آپریشن 9مئی تا 9جون جاری رہے گا، 20جون کو پہلی پرواز حجاج کرام کو لے کر وطن واپس پہنچے گی۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال کیلئے حج فلائٹ شیڈول جاری کردیا ۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2024ء کیلئے فلائٹ آپریشن 9مئی تا 9جون ہوگا ،پہلے 15روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر اتریں گی جس کے بعد 24مئی تا 9جون بیشتر پروازیں جدہ ائرپورٹ پر اتریں گی۔
فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11پروازوں کے ذریعے 2160عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ اسلام آباد سے 3پروازوں کے ذریعے 680عازمین ،کراچی سے 2پروازوں کے ذریعے 330مسافر ،لاہور سے 3پروازوں کے ذریعے 670مسافر ،ملتان سے 2پروازوں کے ذریعے 329عازمین ،سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151عازمین حج مدینہ منورہ پہنچیں گے۔
کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11مئی جبکہ سکھر سے 27مئی کو روانہ ہو گی۔ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 259حج پروازوں کے ذریعے 68ہزار سے زائد سرکاری سکیم کے تحت جانیوالے عازمین حج سعودی عرب پہنچیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد 20جون کو پہلی پرواز حجاج کرام کو لے کر وطن واپس پہنچے گی۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts