لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہم امن پسند لوگ ہیں، دشمن نے ہماری اس خواہش کو کمزوری سمجھا جس کا اسے بھرپور جواب مل چکا،جنرل عاصم منیر نے جس بہادری سے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے، دنیا کی ملٹری اکیڈمیوں میں اس کی تربیت دے جائے گی کہ پاک فوج نے عددی برتری کے زعم میں مبتلا دشمن کو شکست دی، اب کشمیر پر بات ہوگی، شہباز شریف کی قیادت میں معاشی ترقی پر بات ہوگی، اور اڑان پاکستان کی بات ہوگی۔
لاہور میں اظہار تشکرکی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں جب الفتح میزائل یہاں سے فائر کیا گیا تو بھارت میں کھلبلی مچ گئی، اور جب رات کی تاریکی میں بھارت نے حملہ کیا تو ایئرمارشل ظہیر بابر کے شاہینوں نے دشمن کے چھ جہاز مار گرائے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے بعد ہماری بری فوج، بحریہ اور فضائیہ نے جو کردار ادا کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جب وزیراعظم یہ کہتے ہیں کہ ہم نے بھارت سے 1971 کا بدلہ لے لیا توبالکل ٹھیک کہتے ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ اللہ تعالی کا کرم تھا کہ ہماری فضائیہ نے دشمن کا حملہ پسپا، بری فوج نے دشمن کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر اڑادیے، جس کے بعد دشمن سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہوا، ہمارے وزیراعظم شہباز شریف ہمت اور حوصلے کے ساتھ قوم کے دفاع کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہے،اور ہماری افواج نے ماں، بہنوں اور بزرگوں کا مان رکھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر پاکستان کا جس طریقے سے مقدمہ پیش کیا اور جس طرح دشمن سے جنگ لڑی اور اس کے جھوٹے پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیا اسے بھی خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں پاکستان میں فتح کا جشن منایا جارہا تھا وہیں بھارت میں صف ماتم بچھی ہوئی تھی، ان کے عوام سوال کررہے تھے کہ جھوٹا پروپیگنڈا کیوں پھیلایا گیا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ میاں نواز شریف کے دور میں چھ ایٹمی دھماکے کیے گئے اور اب میاں شہباز شریف کی وزارت عظمی میں دشمن جو جہاز گرائے گئے ان کی تعداد بھی چھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے جن شہدا نے جانوں کے نذرانے پیش کیے انہیں اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، یہ قوم خوش قسمت قوم ہے جس کی مائیں اپنے بچوں کو جذبہ شہادت سے اپنے بچوں کو جوان کرتی ہیں، جس قوم کی مائیں اپنے بچوں کی شہادت کے لیے دعائیں کرتی ہوں اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
شہباز شریف نے بطور وزیراعظم جنگ کے دوران دن رانی نگرانی کرتے رہے، اور دفاع پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وزیرخارجہ و دیگر نے سفارتی محاذ پر بھی کامیابیاں سمیٹیں اور پہلگام کے واقعے پر پاکستان کا موقف بڑی کامیابی سے اقوام عالم کے سامنے رکھا، اور سفارتی محاذ پر بھی جنرل سید عاصم منیر نے جو سپورٹ دی وہ لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کا ساتھ دیا، اب وقت ہے کہ معاشی ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں اور عوام کو خوشحال بنائیں، وقت ہے کہ عسکری محاذ کی طرح معاشی محاذ پر بھی پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں۔