بیجنگ(شِنہوا)چین نے پیر کے روز امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا ہے جنہیں مخصوص پری کرسر کیمیکلز کی برآمدات کے لئے خصوصی برآمدی لائسنس درکار ہوں گے۔
یہ نیا ضابطہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا ہے اور وزارت تجارت، وزارت عوامی تحفظ، وزارت ہنگامی انتظام، جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز اور نیشنل میڈیکل پروڈکٹس ایڈمنسٹریشن نے اسے مشترکہ طور پر جاری کیا ہے۔
اس تبدیلی میں ان مخصوص ممالک یا خطوں کے لئے پری کرسر کیمیکلز کی برآمدات کے انتظامی فہرست نامہ کی ترمیم شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی مخصوص ممالک یا خطوں کی فہرست میں باضابطہ طور پر امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کو شامل کیا گیا ہے۔
13 مخصوص اقسام کے پری کرسر کیمیکلز کو اس انتظامی فہرست میں شامل کیا گیا ہے اور نئی پابندیاں خاص طور پر شمالی امریکہ کے ان 3 ممالک کےلئے برآمدات کو ہدف بناتی ہیں۔
جو برآمد کنندگان ان کیمیکلز کو امریکہ، میکسیکو یا کینیڈا بھیجنا چاہتے ہیں انہیں اب اس کے لئے برآمدی لائسنس حاصل کرنا لازمی ہوگا۔


