واشنگٹن(شِنہوا)امریکہ کی وفاقی حکومت کا شٹ ڈاؤن 40 ویں روز میں داخل ہو گیا۔ پروازوں کی معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق ملک بھر میں 2 ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ اور 8 ہزار سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔
جمعہ کو وفاقی ہوابازی انتظامیہ (ایف اے اے) کی طرف سے پروازوں میں کمی کی پالیسی کے نفاذ کے بعد سے منگل کو 202، جمعہ کو 1025 اور ہفتے کو 1566 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
یکم اکتوبر کو شٹ ڈاؤن شروع ہونے کے بعد ائیر ٹریفک کنٹرولر کی بڑی تعداد کے چھٹیوں پر جانے کی وجہ سے دیگر عملے کو اپنی ڈیوٹی کے اوقات سے زیادہ کام کرنا پڑ رہا ہے۔
امریکہ کے محکمہ نقل وحمل اور ایف اے اے نے جمعہ سے ملک کے 40 بڑے ہوائی اڈوں پر گنجائش میں 1 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد عملے پر دباؤ میں کمی اور فضائی حدود کے تحفظ کے خطرات کو کم کرنا ہے۔
ٹرانسپورٹیشن کے وزیر سین ڈفی نے سی این این کو بتایا کہ صورتحال مزید خراب ہونے والی ہے، میں تھینکس گیونگ سے دو ہفتے پہلے کے وقت کو دیکھ رہا ہوں، آپ دیکھیں گے کہ فضائی سفر تقریباً بند ہو جائے گا۔
قومی اقتصادی کونسل کے ڈائریکٹر کیون ہیسٹ نے سی بی ایس کو بتایا کہ اگر لوگ تھینکس گیونگ کے دوران سفر نہیں کرتے تو ہم واقعی چوتھی سہ ماہی میں منفی اقتصادی نمو کا سامنا کر سکتے ہیں۔


