اے این ایف نے ملک گیر7 کارروائیوں میں 8 کروڑ 37 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 97.165کلو گرام منشیات برآمد کر کے 5 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانیوالے 2 مسافروں کے سامان سے کپڑوں میں جذب 19 کلوگرام آئس جبکہ جدہ جانیوالی دو خواتین اور ایک مرد کے جوتوں سے 1.6 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر برطانیہ جانیوالے پارسل سے لیڈیز کپڑوں میں چھپائی گئی 64.565 کلوگرام ہیروئن برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
کالا باغ ریلوے سٹیشن کے قریب خاتون مسافر کے سامان سے 6کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ پشاور رنگ روڈ پر واقع کوریئر آفس سے کراچی بھیجے جانیوالے پارسل میں 1.2 کلوگرام چرس ملی، اسی طرح کراچی میں بھی ایک خاتون مسافر کے قبضے سے 3.6کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
علاوہ ازیں بھکر روڈ، ڈیرہ اسماعیل خان میں موٹر سائیکل سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔


