پشپا اسٹارز رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا کی شادی سے متعلق نئی اطلاعات نے مداحوں کو خوشی میں مبتلا کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رشمیکا اور وجے نے گزشتہ ماہ 3 اکتوبر 2025 کو حیدرآباد میں ایک نجی تقریب کے دوران منگنی کی تھی۔ تقریب وجے دیوراکونڈا کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جس میں صرف قریبی رشتہ دار اور چند قریبی دوست شریک ہوئے۔
اگرچہ دونوں کی جانب سے اب تک کسی قسم کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم ایک ویڈیو میں رشمیکا کی انگلی میں انگوٹھی دیکھنے کے بعد ان کی منگنی اور شادی سے متعلق خبریں زور پکڑ گئی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جب رشمیکا سے ان کی نئی فلم تھما کی تشہیر کے دوران منگنی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے مسکرا کر صرف اتنا کہا کہ سب کو اس کے بارے میں معلوم ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکاروں کا آئندہ سال فروری 2026 میں شادی کے بندھن میں بندھنے کا ارادہ ہے، تاہم رشمیکا اور وجے کی جانب سے منگنی یا شادی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا نے پہلی بار 2018 میں فلم گیتا گوندھم میں ایک ساتھ کام کیا تھا جس کے بعد دونوں کی جوڑی مداحوں میں بے حد مقبول ہوگئی۔ اب ان کی شادی کی خبروں نے ایک بار پھر ان کے پرستاروں کو بےچینی سے انتظار میں مبتلا کر دیا۔


