ڈھاکہ (شِنہوا) نئی کتاب "چین بنگلہ دیش کی نئی نسل کی نظر میں” کی ڈھاکہ میں رونمائی کی گئی، جس میں 22 بنگلہ دیشی مصنفین کے لکھے گئے 19 مضامین شامل ہیں۔
کتاب کی رونمائی کی تقریب بنگلہ دیش کی سب سے بڑی نجی یونیورسٹی نارتھ ساؤتھ یونیورسٹی (این ایس یو) میں منعقد ہوئی، جس میں سینکڑوں معززین، اساتذہ، طلبہ اور این ایس یو کے عہدیداروں کے علاوہ ڈھاکہ میں چینی سفارتخانے اور دیگر اہم بنگلہ دیشی تعلیمی اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
یہ کتاب بنگالی زبان میں لکھی گئی ہے اور اسے نارتھ ساؤتھ یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے چینی اور بنگلہ دیشی ڈائریکٹرز ما شیاؤ یان اور بلبل اشرف صدیقی نے مرتب کیا ہے۔
تقریب میں این ایس یو کے وائس چانسلر پروفیسر عبدالحنان چودھری نے بنگلہ دیش کی قومی نیوز ایجنسی بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا (بی ایس ایس) کے چیف ایڈیٹرمحبوب مرشد اور چینی سفارتخانے کے ثقافتی مشیر لی شاؤپینگ کے ہمراہ کتاب کی رونمائی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این ایس یو کے وائس چانسلر عبدالحنان چودھری نے کہا کہ چین نہ صرف اپنے ہمسایوں کے ساتھ بلکہ پوری دنیا کے ساتھ ایک بہت تعاون کرنے والا ملک ہے۔
اس موقع پر لی شاؤپینگ نے کہا کہ 22 نوجوان بنگلہ دیشیوں نے اس کتاب کو بڑی لگن کے ساتھ تحریر کیا اور یہ کتاب دکھاتی ہے کہ نئی نسل چینی ثقافت اور ہماری تہذیبوں کے درمیان مکالمے کو کتنی تفصیل سے سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اب اعلیٰ معیار کی ترقی، جدت اور ہنرمند افراد کی تربیت پر توجہ دے رہا ہے۔ یہ بنگلہ دیش جیسے ممالک کے ساتھ شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بنگلہ دیش سے مزید دوستوں کو چین کے بارے میں سیکھنے کے لئے خوش آمدید کہتے ہیں۔



