ہانگ ژو(شِنہوا)چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ میں عالمی انٹرنیٹ کانفرنس (ڈبلیو آئی سی) 2025 کے "سائنس و ٹیکنالوجی ایوارڈز” کے تحت کل 17 بین الاقوامی منصوبوں کو جدید ترین شعبوں میں ان کی شاندار کامیابیوں کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔
ایوارڈ حاصل کرنے والے منصوبے جدید ترین شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں اے آئی ماڈلز، انٹیلی جنٹ انٹرنیٹ آف تھنگز، مجسم ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ شامل ہیں۔ نمایاں منصوبوں میں مائیکروسافٹ کا کوڈنگ ایجنٹ گٹ ہب کوپیلوٹ، علی بابا کا بنیادی اوپن سورس لارج لینگویج ماڈل چھوین اور چین کے بی ڈی ایس-3 سیٹلائٹ نیویگیشن سگنلز کی اہم ٹیکنالوجیز اور ان کے اطلاق شامل ہیں۔
2025 کے ایوارڈز کے لئے 34 ممالک اور خطوں سے 400 سے زائد درست درخواستیں موصول ہوئیں۔
ایوارڈ کمیٹی کے چیئرمین اور چائنیز اکیڈمی آف انجینئرنگ کے ماہر وو حہ چھوان کے مطابق تیز رفتار سائنسی ترقی اور صنعتی تبدیلی کے اس دور میں جدت نئی صنعتوں، طریقوں اور ترقی کے ذرائع کو آگے بڑھانے اور معاشرتی ترقی کی قوت بن گئی ہے۔
جمعرات کو منعقدہ تقریب عالمی انٹرنیٹ کانفرنس ووژین سربراہ اجلاس 2025 کا حصہ تھی جو جمعہ کے روز سے اتوار تک جاری رہے گی۔



