ایف آئی اے نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کے دوران عمرہ کی آڑ میں اٹلی جانے کی کوشش کرنیوالے 5افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد میں راحید اللہ، عبدالحمید، عبدالشکور، اسماعیل اور احمد اللہ شامل ہیں، مسافروں کا تعلق، بنوں، پشاور، خیبر اور مہمند کے علاقوں سے ہے جو عمرہ ویزے پر کراچی سے جدہ جا رہے تھے اور سعودیہ سے ایجنٹ کے ذریعے اٹلی کا غیرقانونی سفر کرنا تھا۔
ترجمان کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران پانچوں مسافروں کو مشکوک پایا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں مسافروں نے بتایا کہ وہ پشاور کے مختلف ایجنٹوں سے رابطے میں تھے اور انہوں نے سعودی عرب سے مصر، لیبیا اور پھر غیرقانونی سمندری راستے سے اٹلی جانا تھا۔
ترجمان کے مطابق اٹلی جانے کیلئے مسافروں نے ایجنٹوں سے فی کس 45 لاکھ روپے میں معاملات طے کئے تھے اور لیبیا پہنچنے پر مسافروں نے ایجنٹوں کو 15 لاکھ روپے فی کس ادا کرنے تھے۔
ترجمان کے مطابق مسافروں کو مزید قانونی کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔


