ارمچی(شِنہوا)چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خودمختار خطے کے کئی حصوں میں بدھ کے روز سے شدید برف باری ہوئی ہے جس کے باعث متعدد علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور علاقائی دارالحکومت ارمچی میں بارش و برف باری کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔
علاقائی موسمیاتی رصد گاہ کے مطابق جمعرات کی صبح 8 بجے تک سنکیانگ بھر میں 538 موسمیاتی سٹیشنوں پر بارش یا برف باری ریکارڈ کی گئی جن میں سے 77 سٹیشنوں پر برفانی طوفان کی صورتحال تھی۔ ارمچی اور ایلی قازق خود مختار پریفیکچر سمیت 11 مقامات شدید برفانی طوفانوں کی زد میں آئے۔
رصد گاہ نے بتایا کہ ارمچی میں ایک ہی دن میں 35.6 ملی میٹر بارش اور برف باری ریکارڈ کی گئی جو نومبر کے مہینے میں شہر میں اب تک ریکارڈ کی جانے والی سب سے زیادہ یومیہ مقدار ہے۔
رصد گاہ کی چیف فورکاسٹر چھن چھون یان نے کہا کہ برف باری کے اس سلسلے کا مرکز ایلی کی تورگن ٹاؤن شپ میں تھا جہاں 40.8 ملی میٹر برف باری ہوئی ہے۔
اس برفانی طوفان نے پورے خطے میں سڑک اور ریل دونوں ذرائع آمد و رفت کو درہم برہم کر دیا ہے۔ مقامی حکام نے اطلاع دی کہ جمعرات کی صبح تک اہم شاہراہوں جیسے جی7، جی 216 اور جی 335 کے کچھ حصے یا تو جزوی یا مکمل طور پر ٹریفک کنٹرول کے تحت تھے اور انہیں دوبارہ کھولنے کے اوقات کا تعین ابھی ہونا باقی تھا۔
ریلوے حکام نے شدید موسم کی وجہ سے جمعرات کو ارمچی کو کورلا سے ملانے والی ایک مسافر ٹرین کی منسوخی کا اعلان بھی کیا۔
رصد گاہ نے آئندہ دنوں میں خطے کے کچھ حصوں میں مزید برف باری کی پیش گوئی کی ہے جس سے سفری تحفظ متاثر ہو سکتا ہے۔



