لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مزدور کو جائز حق نہ ملنے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا، سرمایہ کاروں، تاجروں، کاروباری افراد کی دولت پر مزدورں کا بھی حق ہے، امیر ، غریب کے درمیان فرق کم کرنا وقت کا تقاضا ہے ،آج سفارش سکہ رائج الوقت ہے، کرپشن کی نذر ہونیوالے کھرپوں روپے واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں، جلد ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہونے والا ہے، سب مل کر پاکستان کو اس کا جائز مقام دلوائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں عالمی یوم مزدور کے موقع پر اپنی ذاتی رہائشگاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے اپنے گھر میں مدعو کیا ہے، آج آپ سرکاری گھر میں مہمان نہیں، بلکہ محمد شریف کے گھرانے میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ میرے مہمان ہیں، یہ دعوت نواز شریف اور میری طرف سے ہے، دلی خوشی ہے کہ مجھے آپ کی مہمان نوازی کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام مزدورو کو سلام پیش کرتا ہوں،مزدوروں کی تحریک شکاگو سے چلی اور پھر پوری دنیا میں پھیل گئی۔ انہوں نے کہا کہ بندہ مزدور کے اوقات بہت سخت ہیں، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو تنگ بنایا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن یہ مہنگائی کا متبادل نہیں، روز کے اخراجات مزدور بڑی مشکل سے برداشت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ۖ کی تعلیم کا تقاضا ہے کہ امیر غریب کے فرق کو کم کیا جائے، نبی کریم ۖنے فرمایا کہ مزدور کی اجرت پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کر دو،اس میں ہم کس حد تک عمل پیرا ہوا اس کا ہمیں اندازہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ میرے والد مرحوم بھی ایک مزدور تھے، وہ پاکستان بننے سے قبل لاہور آئے اور کالج میں داخلہ لیا ، وہ 6بھائیوں کیساتھ شام کے وقت لاہور کی فیکٹری میں مزدوری کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مزدور کی عظمت کا پورا احساس ہے، مزدور کو جائز حق نہیں ملے گا تو ملک ترقی نہیں کر سکتا، سرمایہ کار اور محنت کش ایک ہی گاڑی کے پہئے ہیں، ہر فیکٹری میں ایک پہیہ سرمایہ کار ہے اور ایک محنت کش ہے۔انہوں نے کہا کہ محنت کش ہم سب کیلئے سرمایہ حیات ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ امیر اور غریب کے فرق کو کم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری حضرات خاندان کے علاوہ محنت کش کے بچوں کی تعلیم اور علاج کیلئے منصوبے بنائیں، ایسے منصوبے بنائیں کہ مزدور کا بچہ انجینئر اور ڈاکٹر بنے، سرمایہ کاروں، تاجروں اور کاروباری افراد کی دولت پر مزدوروں کا بھی حق ہے،کہیں نہیں لکھا کہ مزدور کا بیٹا مزدور اور سرمایہ دار کا بیٹا صرف امیر ہی بنے گا۔انہوں نے کہا کہ کھربوں روپے کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں،انہیں واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں مزدور کی تنخواہ میں اضافے اور شاہ خرچیوں میں کمی لانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی حالات چیلنجنگ ہیں، میری سعودی وزراء سے تسلی بخش ملاقاتیں ہوئی ہیں، چند دنوں میں سعودی کاروباری حضرات پاکستان آنے والے ہیں، سعودی بادشاہ دل سے چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے۔ انہوں نے کہا کہ آج سفارش کا سکہ رائج الوقت ہے، کھربوں روپے کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں، انہیں واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں،جلد ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہونے والا ہے، یہ ملک امیر کا بھی ہے اور غریب کا بھی ہے، یتیم کا بھی ہے اور بیوہ کا بھی ۔انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ امیروں کو نہیں بلکہ عام بچوں کو دیئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر پاکستان کو انشااللہ اس کا جائز مقام دلوائیں گے اور جلد پاکستان اقوام عالم میں اپنا جائز مقام حاصل کر لے گا۔
پسندیدہ ویڈیوز
متعلقہ خبریں
Load/Hide Comments
موسم
More forecasts: Weather Johannesburg 14 days