تونسہ، دہشت گردوں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، 7اہلکار زخمی

تونسہ : تونسہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ، پولیس نے بروقت کارروائی کرکے حملہ ناکام بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف کی جھنگی چیک پوسٹ پر رات گئے 15 سے 20دہشت گردوں نے حملہ کردیا تاہم وہاں موجود جوانوں نے 3گھنٹے تک لڑتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔دہشت گردوں سے فائرنگ تبادلے کے دوران پولیس کے 7 جوان زخمی ہوگئے جبکہ دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈگرینیڈ، لیزر لائٹ گنز سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا، دہشت گرد جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ کر کے تعینات اہلکاروں کویر غمال بنانا چاہتے تھے۔ترجمان پولیس کے مطابق زخمیوں میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر عمران، کانسٹیبلز عامر، عاشق زین، رحمت اللہ، ثنااللہ اور ایلیٹ کانسٹیبل طارق شامل ہیں جبکہ شدید زخمی ایلیٹ کانسٹیبل شاہد منظور کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔زخمیوں میں سے پانچ اہلکاروں کو مرہم پٹی کے بعد فارغ کردیا گیا ہے جبکہ دو کا علاج جاری ہے۔ دوسری جانب آر پی او سجاد حسن خان نے بتایا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں وہ فرار ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری نے دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرحدی علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

Author