چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں ،غیر قانونی طور پر کسی کو پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں ،محسن نقوی

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں ،غیر قانونی طور پر کسی کو پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں ،پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اولین ترجیح ہے ،اسلام آباد کے 27تھانوں کو ماڈل تھانے بنانے کا منصوبہ چار ماہ میں مکمل کر لیا جائیگا، صحافیوں کو درپیش مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا،مذہبی سیاحت کو فروغ دے کر غیر ملکیوں کو راغب کیا جاسکتا ہے، وزیراعظم سے پرانے مراسم ،تعلق اہم ہے وزارت کی کوئی اہمیت نہیں۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا میری اولین ترجیح ہے ،اسلام آباد پولیس کو بہتر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے ،اگلے 3ماہ میں بہتری دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس خدمت مرکز اب 24گھنٹے کھلا رہے گا ،لوگ کسی بھی وقت آ کریہاں مسائل حل کروا سکتے ہیں، یہ مرکز 28قسم کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد سوتے ہیں نہ کسی کو سونے دیتے ہیں، جلد ہی اسلام آباد کے تھانوں کی حالت تبدیل ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ میری میڈیا کے دوستوں سے بات ہوئی تو میں نے ان کو کہا کہ پولیس تھانوں کی ویڈیو بنالیں تاکہ بعد میں موازنہ کرنے میں آسانی رہے۔انہوں نے بتایا کہ مارگلہ ٹریک کی پیٹرولنگ شروع کردی ہے،ہمارے لئے سب سے زیادہ ضروری کرائم کو کم کرنا ہے، اگر لاہور میں 30فیصد کرائم کم ہوسکتا ہے تو یہاں بھی ہوسکتا ہے، اسلام آباد پولسی کی ٹیم بہت محنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو تین چار چیزوں سے غرض ہے کہ کرائم نیچے آئے اور ان کا مقدمہ درج ہو، اس بات پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، یہ نہیں ہوگا کہ کوئی میرے پاس آئے اور کہے کہ میری ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی، اگر کوئی ایف آئی آر نہیں کاٹے گا تو اس پر کوئی معافی نہیں ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے 27تھانوں کو ماڈل تھانے بنانے کا منصوبہ تین سے چار ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سفر کرنے والوں کو ٹریفک جام سے چھٹکارا دلانے کیلئے بھی کوششیں شروع کر دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں ،اسلام آباد سمیت ملک بھر میں چائینز کی نقل و حرکت کیلئے سکیورٹی ایس او پیز پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد اور صوبائی پولیس حکام کو غیر قانونی طور پر موجود غیر ملکیوں کے انخلا کیلئے کام تیز کرنے کی ہدایت دیدی ہے، غیر قانونی طور پر کسی کو پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تین، چار منصوبوں کی نشاندہی کی ہے جس پر کام کا آغاز جلد ہوگا ،اسلام آباد میں نیشنل فارنزک لیب پر کام شروع کر دیا ہے۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ ملک میں مذہبی سیاحت کو فروغ دے کر سکھوں سمیت مذہبی مقامات پر غیر ملکیوں کو راغب کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں آزاد ویزہ پالیسی کا حامی ہوں ،چاہتا ہوں سکھوں کیلئے پاکستان کے ویزے آسان کر دیئے جائیں ،خواہش ہے سکھوں کو آن آرائیول ویزے کی سہولت دی جائے ،پہلے مرحلے میں بھارت سے باہر رہنے والے سکھوں کو ویزے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی جانب سے سامنے آنے والے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ میرے وزیراعظم شہباز شریف سے قریبی ،گہرے اور 25 سالہ پرانے مراسم ہیں وہ میرے بڑے بھائی ہیں، حیران ہوتا ہوں سوشل میڈیا پر میرے اور وزیراعظم سے متعلق عجیب باتیں کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے میرا تعلق اہم ہے اور وہ ایسا ہی رہے گا،میرے لئے وزارت نہیں تعلق معنی رکھتا ہے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts