غزہ: اسرائیلی نے غزہ پر حملے تیز کردیے، منگل کو اسرائیلی فورسز کے حملوں میں مزید 11 فلسطینی شہید ہوگئے۔ خان یونس میں نصیر میڈیکل کمپلیکس پر بمباری سے صحافی حسن اصلح سمیت 2 مریض شہید ہوئے، اس بمباری میں متعدد دیگر مریض اور عملے کے ارکان زخمی بھی ہوئے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جب کہ بھوک کی نگرانی کرنے والے اہم عالمی ادارے نے کہا ہے کہ غزہ کی پوری آبادی قحط کے خطرے سے دوچار ہے۔
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ میں کم از کم 52 ہزار 862 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 19 ہزار 648 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق حکومت کے میڈیا آفس نے شہدا کی تعداد کو 61 ہزار 700 سے زیادہ بتایا ہے اور کہا ہے کہ ملبے کے نیچے دبے ہزاروں لوگ لاپتا ہیں، جنہیں مردہ تصور کیا جارہا ہے۔
حماس کے 7 اکتوبر 2023 کو حملوں کے دوران اسرائیل میں تقریبا ایک ہزار 139 اسرائیلی ہلاک ہوئے، اور 200 کے قریب یہودیوں کو یرغمال بنالیا گیا تھا۔